الریاض – مجلس پاکستان کے زیر اہتمام دارالحکومت ریاض میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
کانفرنس کی صدارت رانا عبدالرؤف نے کی جبکہ ممتاز سکالر ڈاکٹر زاہد ملک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ نظامت کے فرائض نسیم پاشا نے انجام دیے۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری مجلس پاکستان رانا عمر فاروق، صدر یوتھ فورم ابراہیم جٹ، سینئر نائب صدر ن لیگ ریاض خالد اکرم رانا، قاضی اسحاق میمن، صدر پیپلز پارٹی ریاض ریجن احسن عباسی اور امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ریاض ڈاکٹر اویس سلفی نے بھی خطاب کیا۔
ڈاکٹر زاہد ملک نے اپنے خطاب میں "داعیِ اعظم ﷺ” کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت پوری انسانیت کے لیے روشنی اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے، اور موجودہ دور کی کامیابی کا واحد راستہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ سیرت النبی ﷺ ہمیں اتحاد، ایثار، اخوت اور خدمتِ خلق کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو چاہیے کہ ان سنہری اصولوں کو اپنی عملی زندگی میں اپنائے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرے۔