الخبر (سعودی عرب) —
ایلیٹ فورم ہر سال بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے ایک خصوصی سیشن کا اہتمام کرتا ہے، جس کا مقصد خواتین میں اس مہلک بیماری کے بارے میں شعور اور احتیاطی تدابیر کو فروغ دینا ہے۔
اس سال ایلیٹ فورم کے الخبر برانچ نے یہ آگاہی سیشن منعقد کیا، جس کی قیادت محترمہ ثنا بتول نے کی، جبکہ محترمہ سائرہ بٹ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ اس تقریب میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیشن کا مقصد خود معائنہ کی آگاہی، ذہنی صحت، اور بریسٹ کینسر سروائیورز کے تجربات کو اجاگر کرنا تھا۔
ڈاکٹر راحت نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کے لیے باقاعدہ طبی چیک اپ اور خود معائنہ نہایت ضروری ہے۔
محترمہ شجیعہ اور محترمہ مہوش خالد نے کہا کہ یہ بیماری جسمانی کے ساتھ ساتھ ذہنی طور پر بھی متاثر کرتی ہے، اس لیے مریضہ کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا ماحول فراہم کرنا بہت اہم ہے تاکہ وہ امید اور ہمت کے ساتھ علاج جاری رکھ سکے۔
تقریب میں سروائیور خواتین نے بھی اپنی کہانیاں شیئر کیں، جنہوں نے شرکاء کو گہرائی سے متاثر کیا اور انہیں حوصلہ دیا۔
آخر میں محترمہ ثنا بتول نے تمام شرکاء کو ایلیٹ فورم کی جانب سے تحائف پیش کیے، جو امید، ہمت اور مثبت سوچ کی علامت تھے۔