ایلیٹ فورم کے زیرِ اہتمام سعودی قومی دن کی رنگا رنگ تقریبات ریاض اور الخبر میں بیک وقت منعقد ہوئیں، جن میں دونوں شہروں سے بڑی تعداد میں شرکاء نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ یہ تقاریب ملی جذبے، یکجہتی اور ثقافتی ہم آہنگی کا عملی مظہر ثابت ہوئیں۔
ریاض کی تقریب
ریاض میں مرکزی تقریب کی میزبانی ایلیٹ فورم کی بانی انجینئر جویریہ اسد نے کی۔ ان کے ہمراہ ٹیم ممبران نبیہ انور اور نبیہ اسد بھی شریک رہیں۔ اپنے خطاب میں جویریہ اسد نے فورم کے وژن اور مشن پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ایلیٹ فورم 2013 سے کمیونٹی کی سماجی، تعلیمی، کاروباری اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
تقریب میں ممتاز مذہبی اسکالر محترمہ فائزہ عمر نے ’’اتحاد اور ہم آہنگی‘‘ کی اہمیت پر پرمغز خطاب کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
الخبر کی تقریب
الخبر میں منعقدہ پروگرام کی قیادت برانچ ہیڈ سعدیہ تجمل نے کی جبکہ کوآرڈینیٹرز حنا تنویر اور یوہی سلطانہ نے تقریب کے انتظامات میں معاونت کی۔
اس موقع پر خصوصی مہمانوں میں محترمہ ثمینہ ہاشمی (پرنسپل لٹل اسٹار پائینیئرز) اور محترمہ صدف احسان (سینئر ٹیچر، پاکستانی اسکول الخبر) شامل تھیں، جنہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی دن کی خوشیوں اور سعودی عرب سے اپنی وابستگی کے جذبات کا اظہار کیا۔
دونوں تقریبات میں بچوں کے لیے کڈز کارنر کا خصوصی انتظام کیا گیا، جہاں ننھے شرکاء نے تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور سعودی ثقافتی پریڈ میں بھی بڑھ چڑھ کر شریک ہوئے۔
تقریبات کے اختتام پر شرکاء نے سعودی عرب سے اپنی محبت اور وابستگی کا بھرپور اظہار کیا اور ملی جوش و خروش کے ساتھ قومی دن کی خوشیوں کو یادگار بنایا۔