ریاض (سعودی عرب):
مملکتِ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کلائمیٹ کنٹرول کے حوالے سے ایک شاندار ایوارڈ سرمنی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماحولیاتی ٹیکنالوجی، پائیدار ترقی، اور موسمیاتی استحکام کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی مقامی و بین الاقوامی کمپنیوں اور ماہرین کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
تقریب میں ممتاز سعودی شخصیت شہزادی نادیہ الجاسر آل سعود نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر شہزادی نادیہ الجاسر آل سعود نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:
"یہ ایوارڈ سرمنی نہ صرف کامیاب منصوبوں کی پہچان ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ سعودی عرب تیزی سے ایک پائیدار اور ماحول دوست مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ کلائمیٹ کنٹرول آج صرف ایک شعبہ نہیں بلکہ انسانی بقا اور ترقی کا بنیادی تقاضا بن چکا ہے۔”

ورلڈ پوائنٹ میڈیا کے نمائندہ رانا عظیم سے گفتگو کرتے ہوئے شہزادی نادیہ الجاسر آل سعود نے مزید کہا کہ:
"سعودی وژن 2030 نے دنیا کے لیے ایک نئی سمت متعین کی ہے — جس میں ماحولیاتی توازن، ٹیکنالوجی کی جدت، اور توانائی کے متبادل ذرائع کو یکجا کر کے ترقی کا نیا ماڈل پیش کیا جا رہا ہے۔ ہم سب کا مقصد ایک بہتر، سبز اور پائیدار دنیا کی تعمیر ہے۔”
تقریب میں سعودی عرب، پاکستان، امریکہ، برطانیہ، اور دیگر ممالک کی کمپنیوں نے حصہ لیا۔
شرکاء نے کلائمیٹ کنٹرول کے میدان میں اپنی کامیابیوں، تجربات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر پریزنٹیشنز دیں۔
شہزادی نادیہ الجاسر آل سعود نے اس بات پر زور دیا کہ:
"سعودی عرب میں جو مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں، وہ عالمی برادری کے لیے ایک مثال ہیں۔ ہمیں یہ دیکھ کر فخر ہوتا ہے کہ دنیا بھر کے ماہرین ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر ایک بہتر اور سبز مستقبل کے لیے کام کر رہے ہیں۔”
آخر میں ماحولیاتی بہتری کے لیے نمایاں کارکردگی دکھانے والے ماہرین اور کمپنیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔