ریاض (سعودی عرب):
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ تین روزہ کلائمیٹ کنٹرول کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس میں سعودی عرب، پاکستان اور دیگر ممالک کے ماہرین نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ بدلتے ہوئے موسمی حالات کے پیشِ نظر جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ دنیا بھر کے لوگ موسمیاتی چیلنجز کا مؤثر طور پر مقابلہ کر سکیں۔
کانفرنس کے آخری روز ایک شاندار ایوارڈ شو منعقد ہوا جس میں شہزادی نادیہ الجاسر آل سعود، پرنس سلطان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد الیمنی، عبدالعزیز الحمد سمیت متعدد سعودی کاروباری شخصیات، پاکستانی ماہرین اور بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی۔

شرکاء نے کہا کہ سعودی عرب سمیت پوری دنیا موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے گزر رہی ہے، اور خصوصاً عرب ممالک میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ تشویشناک ہے۔ اس صورتحال میں کلائمیٹ کنٹرول کے شعبے میں تحقیق، تجربات اور جدید حل اپنانا ناگزیر ہے۔
تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے ماہرین اور اداروں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ایک پاکستانی کمپنی کو بھی خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ کمپنی کے مالک شکیل احمد کیانی نے کہا کہ سعودی عرب میں کلائمیٹ کنٹرول کے شعبے میں ہونے والی تیز رفتار پیش رفت قابلِ تعریف ہے اور اس سے خطے میں پائیدار ترقی کے نئے راستے کھل رہے ہیں۔