جدہ: یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں اسکانکم (Asconcom) کمپنی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے "قائدِ اعظم آزادی کپ 2026” کی ٹرافی کی شاندار رونمائی کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات، صحافیوں، ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے مالکان، کپتانوں اور کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض سید جعفر اور شاہین آفریدی نے انجام دیے۔ اس موقع پر پاکستان قونصلیٹ جدہ کے پریس قونصلر عرفان چوہدری، معروف سماجی رہنما چوہدری اکرم گجر، چوہدری اظہر وڑائچ اور کمیونٹی کی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
اسکانکم کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا، کھیلوں کو فروغ دینا اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان اتحاد، اخوت اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے کھیلوں کے مقابلے نوجوان نسل میں ٹیم ورک، نظم و ضبط، قائدانہ صلاحیتوں اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں، جو ایک مضبوط اور باصلاحیت معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان انجینئر عبدالمتین اور انجینئر سید جعفر نے ٹورنامنٹ کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دو روزہ ایونٹ میں آٹھ مضبوط ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدِمقابل ہوں گی اور شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کے تمام میچز 6 اور 7 اگست کو جدہ نیٹس گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کی ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کی گئی، جبکہ تمام ٹیموں کے مالکان، کپتانوں اور منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس ایونٹ کو کامیاب، منظم اور یادگار بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

