ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی ایگزیکٹو فورم (PEF) کے زیرِ اہتمام ساتواں بزنس نیٹ ورک میٹ اپ شاندار انداز میں منعقد ہوا، جس میں سفارت خانۂ پاکستان کی منسٹر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ڈاکٹر شگفتہ زرین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں دبئی سے خصوصی طور پر میاں منیر ہانس شریک ہوئے، جبکہ ریاض، جدہ، دمام اور دبئی سے پاکستانی بزنس کمیونٹی، سرمایہ کاروں، مختلف کاروباری فورمز کے نمائندوں، معروف کمپنیوں کے سی ای اوز اور کمیونٹی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کی نمایاں اور تاریخی پیش رفت سعودی عرب میں قائم مختلف پاکستانی بزنس اور انویسٹر فورمز کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط تھی، جس کے تحت پاکستانی ایگزیکٹو فورم (PEF)، پاکستان انویسٹمنٹ فورم اور دیگر پاکستانی بزنس و انویسٹر فورمز نے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد ہو کر پاکستان میں سرمایہ کاری، کاروباری تعاون، روزگار کے نئے مواقع، برآمدات کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اس معاہدے کو اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پاکستانی ایگزیکٹو فورم (PEF) کے چیئرمین منیر احمد شاد نے کہا کہ فورم کے دنیا کے 20 ممالک میں چیپٹرز قائم ہیں اور اس کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر پاکستانی کاروباری برادری کو ایک مضبوط نیٹ ورک کے ذریعے یکجا کرنا ہے تاکہ سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں، روزگار کے مواقع اور ترسیلاتِ زر میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

ڈاکٹر شگفتہ زرین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے سفیر کا بھی یہی پیغام ہے کہ سعودی عرب میں موجود تمام پاکستانی بزنس اور انویسٹر فورمز متحد ہو کر پاکستان کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور اقتصادی استحکام کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں۔ انہوں نے اس تاریخی ایم او یو کو مستقبل میں پاکستان کے لیے انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا۔

دبئی سے آئے ہوئے معروف کاروباری شخصیت میاں منیر ہانس نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کا اتحاد ملک میں سرمایہ کاری، روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

تقریب کے دوران سعودی عرب کی ممتاز سماجی شخصیت قاضی اسحاق میمن، جنہیں "بابا ریاض” کے لقب سے جانا جاتا ہے، نے پاکستانی ایگزیکٹو فورم (PEF) کے چیئرمین منیر احمد شاد کو سندھ کی ثقافتی پہچان اجرک (سندھی چادر) اوڑھا کر ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، جسے شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا۔

تقریب کی نظامت شکیل احمد کیانی نے کی، جبکہ شفقت محمود، وقاص مرتضیٰ، راشد محمود، عدنان رفیق، غلام صفدر، غلام مصطفیٰ اور دیگر ممتاز کاروباری شخصیات و کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں اور نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ منتظمین نے تمام مہمانوں، شرکاء اور معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی ایگزیکٹو فورم (PEF) اور دیگر پاکستانی بزنس و انویسٹر فورمز کا یہ اتحاد مستقبل میں پاکستان کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور اوورسیز پاکستانیوں کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔

