ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان کے زیرِ اہتمام شاندار پاکستان مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کیا۔ اس موقع پر منسٹر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ڈاکٹر شگفتہ زرین ، سفارت خانے کے دیگر حکام، پاکستانی کمیونٹی، کاروباری شخصیات اور سعودی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ پاکستانی آم اپنی منفرد مٹھاس، قدرتی خوشبو، اعلیٰ معیار اور لاجواب ذائقے کی بدولت دنیا بھر میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے اور سفارت خانہ پاکستان کی کوشش ہے کہ اس کی برآمدات اور عالمی پہچان کو مزید فروغ دیا جائے۔

ڈاکٹر شگفتہ زرین نے کہا کہ اس سال مینگو فیسٹیول ریاض، جدہ اور دمام تینوں شہروں میں منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ پاکستانی آم کے منفرد ذائقے اور خوشبو سے لطف اندوز ہو سکیں اور پاکستان کی زرعی مصنوعات کو عالمی سطح پر مزید متعارف کرایا جا سکے۔

فیسٹیول میں پاکستان کے مشہور آموں کی اقسام چونسہ، سندھڑی اور لنگڑا خصوصی طور پر نمائش کے لیے پیش کی گئیں، جن کی خوشبو نے پورے ہال کو معطر کر دیا اور شرکاء نے ان کے ذائقے اور معیار کی بھرپور تعریف کی۔ تقریب میں پاکستانی آم سے تیار کیا گیا خصوصی مینگو کیک بھی کاٹا گیا، جبکہ آم سے بنی پیسٹریز، مینگو ڈیزرٹس، مٹھائیاں، جوس اور دیگر لذیذ میٹھے مہمانوں کو پیش کیا گیا، جنہیں حاضرین نے بے حد پسند کیا۔

تقریب کے اختتام پر *Danube Mall* کی جانب سے پاکستان کے سفیر احمد فاروق کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ اور پاکستانی زرعی مصنوعات کی ترویج میں خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

شرکاء نے کہا کہ پاکستانی آم واقعی ذائقے، خوشبو اور معیار کے اعتبار سے پھلوں کا بادشاہ ہے۔

سعودی اور پاکستانی مہمانوں نے پاکستانی آم کی مٹھاس اور خوشبو کو خوب سراہا اور اس فیسٹیول کو پاکستان کی زرعی پیداوار، ثقافت اور برآمدات کے فروغ کے لیے ایک شاندار اقدام قرار دیا۔

