جدہ: پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے سینئر نائب صدر ملک جاوید حسین اعوان کے اعزاز میں جدہ میں ایک پروقار الوداعی تقریب اور عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے میزبان پیپلز پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل آفتاب ترابی اور صدر پیپلز پارٹی جدہ سٹی راجہ اعجاز حسین جنجوعہ تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد اکرم، رانا جعفر، راجہ اعجاز حسین جنجوعہ، ملک علی خورشید سلطان، چوہدری اکرم گجر، ادریس قریشی اور دیگر مقررین نے ملک جاوید حسین اعوان کی پارٹی اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے ان کے فعال اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے وطن واپسی اور زندگی کے نئے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ملک جاوید حسین اعوان نے اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر منتظمین اور پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدہ میں ملنے والی محبت، عزت اور خلوص ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ دوستوں اور اس پاک سرزمین کو چھوڑنا آسان نہیں، تاہم زندگی میں ایک دن اپنے وطن واپس جانا بھی ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں زندگی کی تین دہائیاں گزارنے کے بعد یہاں کی یادیں اور دوست ہمیشہ ان کے دل میں زندہ رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر سانحۂ کارساز کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

