ریاض: پاکستان پیپلز پارٹی ریاض کے زیرِ اہتمام سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان پیپلز پارٹی مڈل ایسٹ کے صدر میاں منیر ہانس کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنان، پاکستانی کمیونٹی کے افراد، مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی، ادبی، صحافتی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں میاں منیر ہانس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی استحکام، قومی یکجہتی اور جمہوری اقدار کے فروغ کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ریکارڈ ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کر رہے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کے حل، بہتر سہولیات کی فراہمی اور فلاح و بہبود کو حکومتوں کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی، جمہوریت، عوامی حقوق اور سماجی انصاف کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ اوورسیز پاکستانی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پارٹی بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو ہر سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرتی رہے گی۔

تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی ریاض کے رہنماؤں احسن عباسی، قاضی اسحاق میمن، وسیم ساجد اور رانا عدیل نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی نہ صرف وطن عزیز کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب سے مختلف سیاسی، سماجی، ادبی اور کاروباری حلقوں کے نمائندوں نے بھی اظہارِ خیال کیا، جن میں رانا عبدالرؤف (مجلسِ پاکستان)، اقبال ودود (قومی وطن پارٹی)، ربانی خان (عوامی نیشنل پارٹی)، مولانا اسد اللہ اور مولانا عزیزالرحمان درانی (جمعیت علمائے اسلام)، ڈاکٹر راشد تخیل (ادبی فورم)، وقار نسیم وامق (حلقۂ فکر و فن)، الیاس رحیم (پاک میڈیا فورم)، خالد اکرم رانا (پاکستان مسلم لیگ ن)، منیر شاد (بزنس ایگزیکٹو فورم)، صداقت حسین، ہدایت اللہ، حسن جمیل عباسی، سردار رزاق اور غلام مصطفی نہرہ شامل تھے۔

تقریب کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی ریاض کے رہنما قاضی اسحاق میمن نے مہمانِ خصوصی میاں منیر ہانس اور احسن عباسی کو سندھ کی ثقافتی شناخت اجرک اوڑھا کر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر شرکاء نے اجرک کو قومی ثقافت، محبت، رواداری اور بھائی چارے کی خوبصورت علامت قرار دیتے ہوئے اس روایت کو سراہا۔

بعد ازاں مختلف سیاسی، سماجی، کاروباری اور کمیونٹی تنظیموں کے نمائندوں نے میاں منیر ہانس کو یادگاری تحائف اور اعزازی شیلڈز پیش کیں اور اوورسیز پاکستانیوں، جمہوریت اور پارٹی کے لیے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

تمام مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف ملکی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور پاک سعودی دوستی کو مزید فروغ دینے میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی ترقی، قومی یکجہتی، جمہوری استحکام اور اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی ریاض کے رہنما احسن عباسی کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی طور پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر میاں منیر ہانس، پارٹی رہنماؤں، معزز مہمانوں اور شرکاء نے احسن عباسی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، خوشحالی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب خوشگوار اور پرجوش ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے باہمی ملاقاتوں، خیرسگالی کے تبادلے اور یادگاری تصاویر کے ذریعے اس یادگار موقع کو محفوظ بنایا۔

