مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری اکرم گجر کی جانب سے ممتاز ماہر تعلیم اور گجرات کی معروف سماجی شخصیت چوہدری اللہ دتہ وڑائچ کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ دیا گیا، جس میں قونصل جنرل پاکستان خالد مجید، قونصلیٹ کے افسران، سماجی رہنماؤں اور کمیونٹی کی نامور شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں میزبان چیئرمین مسلم لیگ (ن) سعودی عرب چوہدری اکرم گجر نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور چوہدری اللہ دتہ وڑائچ کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ان کی سماجی و تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں کمیونٹی کے لیے ایک قیمتی سرمایہ قرار دیا۔
اس موقع پر قونصل جنرل خالد مجید، سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، چیئرمین کشمیر کمیٹی مسعود احمد پوری، چیئرمین جموں و کشمیر اوورسیز کمیونٹی انجینئر عارف مغل، پاکستان قومی یکجہتی فورم کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیر احمد اور سابق مشیر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر عباس وڑائچ نے بھی اظہار خیال کیا۔ مقررین نے چوہدری اللہ دتہ وڑائچ کو عمرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی سماجی و تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کی صحت و درازی عمر کے لیے دعا کی۔
مقررین نے پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں سے فلڈ ریلیف فنڈ میں زیادہ سے زیادہ تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن کے عوام کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے۔
تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔