ریاض – 23 ستمبر 2025
سعودی عرب کے 95ویں یومِ وطنی کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب چیپٹر کی جانب سے ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دوستی، برادرانہ تعلقات اور گہرے تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کی قیادت اور عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر شیخ سعید احمد، صدر مسلم لیگ (ن) سعودی عرب، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد ساتھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور دفاعی رشتوں میں جُڑے ہوئے ہیں۔ شیخ سعید احمد نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے سعودی عوام کو یومِ وطنی کی دلی مبارکباد پیش کی۔

عدنان بٹ، صدر مسلم لیگ (ن) ریاض چیپٹر، نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب کی شاندار ترقی اور خوشحالی پاکستانی عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ملک جی ایم اعوان، صدر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ سعودی عرب، نے کہا کہ نوجوان دونوں ممالک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یوتھ ونگ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کو منظم اور فعال بنانے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔

تقریب سے دیگر معزز مقررین جن میں ڈاکٹر کنول، چوہدری محمد جمیل ربانی اور فضل رحیم صافی شامل تھے، نے بھی خطاب کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کی لازوال دوستی کو سراہا۔



تقریب کا اختتام پاکستان اور سعودی عرب کی مزید ترقی، خوشحالی اور مضبوط دفاع کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا۔ شرکاء نے سعودی قیادت اور عوام کو یومِ وطنی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر سعودی عرب کے 95ویں یومِ وطنی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔