ریاض،(رانا عظیم) 30 ستمبر 2025ء – سعودی آرامکو کے اقدام کے تحت قائم شاہ عبدالعزیز مرکز برائے عالمی ثقافت (اثراء) نے مملکت کی پہلی کلچرل انویسٹمنٹ کانفرنس میں اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر شرکت کی۔ یہ کانفرنس خادم حرمین شریفین کے ولی عہد، وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں ریاض کے شاہ فہد کلچرل سینٹر میں 29 اور 30 ستمبر کو منعقد ہوئی۔
کانفرنس کے دوران اثرا نے دو اہم اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے: سعودی سینما ایسوسی ایشن کے ساتھ ایک معاہدہ، جس کے تحت سعودی فلم انڈسٹری کو فروغ دیا جائے گا اور اثراء کے مرکز دھران میں سعودی فلم فیسٹیول کا انعقاد ہوگا؛ جبکہ دوسرا معاہدہ دمام ایئرپورٹس کے ساتھ کیا گیا، جس کا مقصد ہوائی اڈوں پر مسافروں کے تجربے کو ثقافتی اور فنکارانہ عناصر سے مالا مال بنانا ہے۔

اس موقع پر نورا الزامل، سربراہ پروگرامز، نے کہا: "یہ شراکت داریاں مملکت میں ثقافت کے فروغ اور نوجوان تخلیق کاروں کی رہنمائی کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ اثرا اپنے وسائل اور مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ثقافتی شعبے کو نئی جہتوں سے ہمکنار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔”

ایک سیشن "اثر اور قیادت کی دستاویز بندی” میں عبداللہ الرشید، ڈائریکٹر اثرا، نے مرکز کے انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری اور تخلیقی منصوبوں کی حمایت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اثرا نے گزشتہ تین برسوں میں 600 سے زائد ملازمتیں اور 50 سے زائد اسٹارٹ اپس کی تخلیق میں معاونت فراہم کی ہے۔ انہوں نے تنوین چیلنجز اور عربی مواد اقدام جیسے منصوبوں کی کامیابیوں کا ذکر کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر اثرا کو اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر خصوصی اعزاز سے نوازا گیا، جو شریفہ العمر، سربراہ شراکت داریاں و حکمت عملی، نے وصول کیا۔
یہ کانفرنس سعودی وزارتِ ثقافت کے زیر اہتمام منعقد کی گئی، جس کا مقصد سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں، ثقافتی رہنماؤں اور تخلیق کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر ثقافت کو اقتصادی ترقی، قومی شناخت اور عالمی اثر و رسوخ کا ذریعہ بنانا ہے۔