ریاض: سعودی عرب کے 95ویں یوم الوطنی کے موقع پر ایڈونچر اور ایکسپلورنگ ٹورز کے معروف ادارے ایس ٹی جی -ڈیئر ٹو ڈسکور کی جانب سے ایک شاندار اور یادگار ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ ادارے کے بانی پاکستانی کاشان صاحب کی قیادت میں اس مہم میں 18 ایس یو ویز اور 40 سے زائد ایڈونچر کے شوقین افراد نے بھرپور شرکت کی۔
یہ ایونٹ ریاض سے تقریباً 180 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع القصب کے علاقے میں منعقد ہوا، جو اپنے ریتیلے ٹیلوں، قدیم نخلستانوں اور تاریخی اہمیت کے لیے مشہور ہے۔ یہاں کی نمکین جھیلیں اور ان سے حاصل ہونے والا نمک اس خطے کی معاشی اور ثقافتی پہچان کو اجاگر کرتے ہیں۔
شرکاء نے آف روڈ ڈرائیونگ کے دوران مشکل راستوں اور چیلنجز کا سامنا کیا، جن میں گاڑیوں کا ریت میں دھنس جانا بھی شامل تھا، تاہم ٹیم ورک کے ذریعے تمام رکاوٹوں پر قابو پایا گیا۔ راستے میں نئے مقامات دریافت کیے گئے جہاں پر نہ صرف آف روڈ ڈرائیونگ کا تجربہ کیا گیا بلکہ کیمپنگ کا بھی اہتمام کیا گیا۔
یوم الوطنی کے موقع پر ایک مختصر تقریب منعقد کی گئی جس میں سعودی عرب سے محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس تقریب میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جن میں پاکستانی، بنگلہ دیشی، برطانوی، سعودی اور دیگر قومیتوں کے لوگ شامل تھے۔
ایس ٹی جی “ڈیئر ٹو ڈسکور” کی یہ روایت ہے کہ وہ ہر سال ایک نئی جگہ دریافت کرتے ہیں اور سعودی نیشنل ڈے کو ایک منفرد اور دلچسپ انداز میں مناتے ہیں۔
اس سال کا ایونٹ نہ صرف ایک نئی دریافت کا سفر تھا بلکہ اتحاد، جذبۂ حب الوطنی اور عالمی دوستی کی ایک روشن مثال بھی ثابت ہوا.