جدہ – پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش میں پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے 50 سے زائد ہاؤسنگ اور کمرشل پراجیکٹس پیش کیے گئے، جس میں پاکستانی بزنس کمیونٹی، سماجی و سیاسی شخصیات اور اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ا
دو روزہ پاکستان پراپرٹی ایکسپو میں پاکستان کے معروف بلڈرز، ڈویلپرز اور سرمایہ کاروں نے بھرپور شرکت کی۔ نمائش میں پاکستان میں جاری پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کے لیے مختلف کمپنیوں نے کاؤنٹرز لگائے، جن میں سرمایہ کاروں کو رہنمائی فراہم کی گئی۔ ایکسپو کا مقصد پاکستان کی معیشت میں بہتری کے لیے اوورسیز سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔

افتتاح اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر سردار طاہر محمود، پاکستان بزنس فورم سعودی عرب کے صدر عقیل آرائیں، میڈیا پرسن اور بزنس وومن ڈاکٹر سمیرا عزیز اور دیگر معروف شخصیات نے مشترکہ طور پر کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار طاہر محمود نے کہا کہ پاکستان میں رئیل اسٹیٹ کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کاری محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل دور کی جانب بڑھ رہا ہے، جس سے سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کے لیے مزید آسانیاں پیدا ہوں گی۔

شرکاء میں حاجی عثمان، انجینئر سجاد، افضل جٹ، چوہدری ریاض گھمن، ملک منظور، ولید بہادر، عبدالخالق لک، چوہدری اظہر عباس وڑائچ، علی خورشید، شاہین آفریدی، ساحل احمد، چوہدری اکرم گجر، جمی جمشید، سید مسرت خلیل، شعیب الطاف، شباب بھٹا، جہانگیر خان، عدیل ریاض، سید فہد علی سمیت دیگر بزنس کمیونٹی کے افراد موجود تھے۔

