ریاض — وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صحت کے شعبے میں بنیادی اصلاحات متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ نہ صرف ہسپتالوں کی سہولیات میں بہتری لائی جائے بلکہ عوام کو بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے مؤثر اقدامات فراہم کیے جائیں۔
وہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ ریاض ہیلتھ کیئر لیڈرز فورم اور پاکستان ڈاکٹرز گروپ کی مشترکہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں دنیا بھر سے پاکستانی ڈاکٹرز، پروفیسرز اور ماہرینِ صحت کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


تقریب سے ڈاکٹر ذکی الدین احمد، ڈاکٹر عادل حیدر، ڈاکٹر اسد رومی اور پاکستان ڈاکٹرز گروپ سعودی عرب کے صدر ڈاکٹر شہزاد احمد نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے جدید طبی سائنس میں ہونے والی نئی تحقیق، تجربات، اور علاج کے جدید طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں صحت مند معاشروں کی تشکیل کے لیے میڈیکل سائنس کے اصولوں کو اپنایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں بھی ضروری ہے کہ عوام کو بیماریوں سے بچانے کے لیے جدید میڈیکل ٹیکنالوجی اور سائنسی طریقوں کو فروغ دیا جائے تاکہ آئندہ نسلیں صحت مند معاشرے میں زندگی گزار سکیں۔

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پاکستان صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کر چکی ہے اور موجودہ مالی سال میں ہیلتھ بجٹ 1156 بلین روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزارتِ صحت ایسے اقدامات کر رہی ہے جن کے ذریعے ملک بھر کے عوام کو بہتر، مؤثر اور سستی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزیرِ صحت نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈاکٹرز گروپ سعودی عرب نہ صرف ہم وطنوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے بلکہ پاکستان میں صحت کے نظام میں بہتری کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
آخر میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان کو صحت مند معاشرہ بنایا جائے اور عوام کو علاج کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے بھی شعور فراہم کیا جائے۔

