ریاض – سعودی عرب کی وزارتِ سرمایہ کاری کے وفد نے پاکستان ریجنل اکنامک فورم (PREF) کے ساتھ دوطرفہ اجلاس منعقد کیا، جس میں پاکستان کے زرعی شعبے میں ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی غور کیا گیا۔
سعودی وفد میں نادک (NADEC)، لین الخیر اور الرشید ہولڈنگ کے نمائندگان شامل تھے۔ اجلاس میں سفارت خانہ پاکستان ریاض کی وزیر برائے تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر شگفتہ زرین اور سعودی وزارتِ سرمایہ کاری کے مشاری الہدیب بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران دونوں جانب سے تکنیکی سطح پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں زرعی اور ایگری بزنس کے شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے امکانات اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔
پاکستان ریجنل اکنامک فورم کی نمائندگی چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر سرمایہ کاری جناب ہارون شریف، سابق وزیر سی پیک اور سینئر فیلو خالد منصور، اور ریٹائرڈ وائس ایڈمرل ہاشم خان (سابق نائب سربراہ پاک بحریہ و سابق سفیر پاکستان برائے سعودی عرب) نے کی۔
یہ ملاقات دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون کی عکاس ہے اور زرعی شعبے کو اسٹریٹجک شراکت داری اور پائیدار سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم میدان قرار دیا گیا۔

