ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بزمِ شاہین کے زیرِ اہتمام ایک شاندار فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں اوورسیز پاکستانی بچوں اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کیا۔

ٹورنامنٹ میں 11 سے 17 سال عمر کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جبکہ مقابلوں کو تین مختلف عمرانی گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر 20 ٹیمیں میدان میں اتریں اور پورے ایونٹ کے دوران کھیل کے لیے جوش و جذبہ، مثبت مسابقت اور سپورٹس مین شپ قابلِ دید رہی۔ والدین، کمیونٹی اراکین اور کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد بھی اپنے بچوں اور ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود رہی۔

تقریب میں سرپرست مجلسِ پاکستان سید ثاقب زبیر اور صدر یوتھ فورم ابراہیم جٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صدر بزمِ شاہین سید محمود، توصیف احمد، عثمان صدیق، اسامہ فاروقی اور شعیب نواز نے بطور منتظمین انتظامی امور کی نگرانی کی اور ایونٹ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

صدر بزمِ شاہین سید محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد اوورسیز پاکستانی بچوں میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ، کھیلوں سے وابستگی، ٹیم ورک اور مثبت مسابقتی جذبے کو پروان چڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور بزمِ شاہین آئندہ بھی اس نوعیت کی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔


مہمانانِ خصوصی سید ثاقب زبیر اور ابراہیم جٹ نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور اگر انہیں مناسب مواقع اور رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بزمِ شاہین اور تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ شرکاء اور والدین نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے کھیلوں کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مزید مواقع میسر آ سکیں۔

