الریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں پروفیشنل ایگزیکٹو فورم کی جانب سے ایک اہم اور پُررونق تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مزید روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے قیام پر زور دیا گیا۔

تقریب میں چیئرمین پروفیشنل ایگزیکٹو فورم رانا کاشف رضا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین، کاروباری شخصیات اور کمیونٹی نمائندگان نے شرکت کی۔

رانا کاشف رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ فورم کا مقصد مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز اور بزنس لیڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ وہ باہمی تجربات کے تبادلے کے ذریعے معاشی و سماجی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

مقررین نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی محنتی، باصلاحیت اور قابلِ اعتماد ہے، جو دونوں ممالک کی ترقی اور تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ایک مربوط ڈیجیٹل سسٹم کے قیام کے ذریعے پاکستانی اسکلڈ اور پروفیشنل افراد کو سعودی لیبر مارکیٹ سے مؤثر طریقے سے جوڑا جا سکتا ہے، جس سے پاک–سعودی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

تقریب سے حامد رضوان، سید وقاص، طلعت محمود، اعجاز چوہدری، جواد عالم، فرح قمر، نائلہ شاہد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ اس فورم کی تشکیل نہ صرف پیشہ ورانہ ترقی بلکہ کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی نمایاں کرتی رہے گی۔

