جدہ (نورالحسن گجر ):
پاک میڈیا جرنلسٹ فورم کے عہدیداران نے جدہ میں نو تعینات قونصل جنرل پاکستان سید مصطفی ربانی سے تعارفی ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل اور قونصلی سہولیات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے قونصلیٹ کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ، تاریخی اور مضبوط تعلقات موجود ہیں جنہیں مزید مستحکم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے میڈیا کے مثبت اور تعمیری کردار کو بھی سراہا۔
قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ قونصلیٹ پاکستان جدہ کی نئی عمارت مکمل ہو چکی ہے جہاں جلد منتقلی عمل میں لائی جائے گی۔ نئی عمارت میں وسائل کی کمی کا خاتمہ ہوگا اور قونصلیٹ کا نظام جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے تحت کام کرے گا جس سے پاکستانی کمیونٹی کو قونصلی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
پاک میڈیا جرنلسٹ فورم کے چیئرمین چوہدری نورالحسن گجر نے نو تعیناتی پر قونصل جنرل کو خوش آمدید کہا اور ان کے وژن اور کمیونٹی دوست پالیسیوں کو سراہا۔ فورم کے صدر فہد رفیق کھوکھر نے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک میڈیا جرنلسٹ فورم ہمیشہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اجاگر کرنے اور پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
ملاقات میں فورم کے سینئر نائب صدر حسن بٹ، جوائنٹ سیکرٹری عاطف تنولی، امتیاز قریشی، محمد کاشف اور دیگر عہدیداران و اراکین بھی موجود تھے۔ تمام اراکین نے قونصل جنرل کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس ملاقات کو مستقبل میں مضبوط رابطوں اور مؤثر تعاون کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
