ریاض (رانا عظیم)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کیپٹل پریمیئر لیگ کے تحت سندھ اسٹرائیکرز ٹیم کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جس میں مقامی کرکٹ کھلاڑیوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کی میزبانی شکیل احمد کیانی نے کی، جبکہ امریکہ سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیت محترمہ تسنیم فاروق رحمانی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

اس موقع پر کیپٹل پریمیئر لیگ کے چیئرمین منیر احمد شاد نے بتایا کہ لیگ کے قیام کا مقصد نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنا ہے، بالخصوص اُن کرکٹرز کو جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے ذریعے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ اسٹرائیکرز ٹیم کی ملکیت امریکہ سے منسلک ہو رہی ہے اور محترمہ تسنیم فاروق رحمانی باضابطہ طور پر ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

تقریب سے غلام سرور (صدر پاکستان انویسٹرز اینڈ بزنس فورم)، احسان عباسی (صدر پیپلز پارٹی ریاض)، انجینئر عالم خان، کامران علی قریشی (صدر پاکستانی ایگزیکٹو فورم، سعودی چیپٹر) اور ندیم بابر (سی ای او ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن) نے بھی خطاب کیا اور لیگ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب کے اختتام پر سندھ اسٹرائیکرز اور کیپٹل پریمیئر لیگ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جبکہ چیئرمین منیر احمد شاد نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

