کراچی: پاکستان میں کھیل اور ٹیکنالوجی کے امتزاج نے ایک نیا باب رقم کر دیا۔ OlymTech Season 2 شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوا اور ملک کے سب سے بڑے ڈیجیٹل لیڈرز اسپورٹس گالا کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ اس میگا ایونٹ میں 500 سے زائد کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، جن میں خواتین کھلاڑی بھی شامل تھیں، اور اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

کرکٹ، پیڈل ٹینس اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں کھلاڑیوں نے مہارت، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی بہترین مثال قائم کی۔ خصوصی طور پر پیڈل ٹینس کے سنسنی خیز مقابلے شائقین کی توجہ کا مرکز بنے،

جہاں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی سے ایونٹ کو چار چاند لگا دیے۔ میدان میں دلچسپ لمحات اور شائقین کی پرجوش حوصلہ افزائی نے ماحول کو یادگار بنا دیا۔

اس اسپورٹس گالا کا بنیادی مقصد آئی ٹی پروفیشنلز میں صحت مند سرگرمیوں، ٹیم ورک اور متوازن طرزِ زندگی کو فروغ دینا تھا۔ عام طور پر آئی ٹی ماہرین تعلیمی اور کاروباری سرگرمیوں تک محدود رہتے ہیں، تاہم اس ایونٹ نے ثابت کیا کہ وہ نہ صرف اپنے پیشہ ورانہ میدان میں نمایاں ہیں بلکہ کھیلوں اور صحت مند زندگی کو بھی بھرپور انداز میں اپناتے ہیں۔

مختلف ٹیموں پر مشتمل مقابلوں میں 400 سے زائد کھلاڑیوں نے عملی شرکت کی اور قیادت، ہم آہنگی اور مثبت سماجی رویوں کا عملی مظاہرہ کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر اکبر علی خان تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نوجوانوں کو کھیل اور تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے پر زور دیا:

"پاکستان کا نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کا مالک ہے، ہمیں صرف انہیں درست پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ایونٹس نوجوان نسل کے لیے امید، مواقع اور مثبت سرگرمیوں کے دروازے کھولتے ہیں اور قومی سطح پر ٹیلنٹ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایونٹ کے اختتام پر نمایاں کھلاڑیوں کو اعزازات، میڈلز اور ٹرافیوں سے نوازا گیا جبکہ آرگنائزنگ کمیٹی، رضاکاروں اور پارٹنرز کی شبانہ روز محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اختتامی لمحات میں جوش و خروش دیدنی تھا جب فائنل مقابلوں میں پہنچنے والی ٹیموں کو بھرپور داد دی گئی اور شرکاء نے کھیل کے حقیقی جذبے کو سراہا۔
منتظمین اور اولم ٹیک سیزن کے روحِ رواں سید عبدالقادر اور عامر نواز کے مطابق، اولم ٹیک کا یہ سفر جاری رہے گا اور آئندہ سیزنز میں کھیل اور ٹیکنالوجی کے اشتراک کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ پاکستان کے نوجوانوں کو ترقی، صحت اور قیادت کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

