ریاض -وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سعودی عرب کے دورہ پر حج انتظامات کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج 2026 کے لیے تمام تر انتظامات کو مکمل کر لیا گیا ہے پاکستان سے عازمین حج کی پہلی پرواز 18 اپریل کو سعودی عرب پہنچے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے جہاں مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد سمیت محمود الحق ڈوگر اور عدنان اقبال بٹ سمیت دیگر لیگی عہدیداروں اور کارکنان نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقعہ پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج 2026 کے انتظامات کے حوالے سے بتایا کہ 18 اپریل سے پاکستانی عازمین حج کا سعودی عرب آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا، اس سال سعودی وزارت حج و عمرہ کے تعاون سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمین حج کی رہائشیوں سمیت کھانے پینے اور سفری سہولیات کا بہترین انتظام کیا گیا ہے اور پہلی مرتبہ 25 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حرمین ٹرین کے ذریعے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان تیز ترین سفری سہولت بھی حاصل کر سکیں گے جبکہ ایام حج کے دوران بھی مشاعرِ مقدسہ منی مزدلفہ اور میدان عرفات میں بھی عمدہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ سعودی وزارت حج و عمرہ کے تعاون سے خطے کے موجودہ حالات کے پیش نظر باہمی تعاون کے ساتھ حج اپریشن کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا جائے گا جبکہ موجودہ صورتحال میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حجاج کرام پر کوئی بھی اضافی اخراجات کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

