جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں یونائٹڈ جرنلسٹس فورم جدہ کے زیرِ اہتمام عظیم سماجی رہنما، انسان دوست اور خدمتِ خلق کی عالمی علامت عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی کے موقع پر ایک روزہ یادگاری نمائشی کرکٹ میچ منعقد کیا گیا، جس میں کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی (KAMC) کرکٹ کلب نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرنلسٹس کرکٹ کلب کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
اس یادگاری میچ کا مقصد عبدالستار ایدھی کی بے مثال خدمات، ایثار، اخوت اور بلاامتیاز خدمتِ انسانیت کے عظیم مشن کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔ اس موقع پر صحافیوں، ڈاکٹروں، سماجی شخصیات اور کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

KAMC کرکٹ کلب کی قیادت سعودی عرب کے ممتاز کنسلٹنٹ جنرل اور سرجیکل آنکولوجی سرجن ڈاکٹر ارشد اللہ خان نے کی، جبکہ جرنلسٹس کرکٹ کلب کے کپتان سینئر صحافی جہانگیر خان تھے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جرنلسٹس کرکٹ کلب نے مقررہ اوورز میں 98 رنز بنائے۔ آصف قاضی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 رنز اسکور کیے۔ جواب میں KAMC کرکٹ کلب نے مطلوبہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
فاتح ٹیم کی جانب سے ڈاکٹر سعود غازی، ڈاکٹر نور اللہ، ڈاکٹر مرسلین، ڈاکٹر فرخ، ڈاکٹر طارق اور ڈاکٹر جبران نے بیٹنگ اور باؤلنگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ کپتان ڈاکٹر ارشد اللہ خان نے بہترین حکمت عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے ٹیم کو کامیابی دلائی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے کھیل کے دوران بہترین سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے بھرپور سراہا۔
جرنلسٹس کرکٹ کلب کی ٹیم میں جہانگیر خان، راجہ شعیب الطاف، حاجی عثمان، محمد عادل، عاطف علی، فواد سواتی، حمزہ سواتی، محمد اسلام، زبیر صدیقی، فہد حمید اور آصف رفیق شامل تھے۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے اپنی پوری زندگی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے رنگ، نسل، مذہب اور قومیت سے بالاتر ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت کی اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑی عبادت ہے۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، مکہ مکرمہ کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت حاجی عثمان نے کہا کہ کھیل معاشرے میں اتحاد، بھائی چارے، محبت اور مثبت اقدار کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہے۔ عبدالستار ایدھی کی یاد میں اس نمائشی میچ کے انعقاد کا مقصد نئی نسل کو ان کے عظیم مشنِ خدمتِ خلق سے روشناس کرانا اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو مزید فروغ دینا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی حاجی عثمان نے KAMC کرکٹ کلب کے کپتان ڈاکٹر ارشد اللہ خان کو فاتح ٹیم کی ٹرافی پیش کی۔

