ریاض –سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سینئر فنانس لیڈر رضوان علی کی جانب سے ریاض فنانس لیڈرز حب کی کور کمیٹی کے اراکین کے اعزاز میں ایک خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا مقصد رضوان علی کو CGMA کی پروفیشنل سرٹیفکیشن حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کرنا اور پاکستانی فنانس پروفیشنلز کے درمیان باہمی روابط، تجربات کے تبادلے اور پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینا تھا۔
تقریب میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی فنانس لیڈرز ضیاء مصطفیٰ، محمد دانش، ڈاکٹر محمد عظیم، محمد عثمان، مدثر فاروق، محمد نعمان، زبیر خان بلوچ، عظیم شیخ، مبشر خان، رضوان علی اور فصح الدین سمیت کمیونٹی کی دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
شرکاء نے فنانس کے شعبے میں پیشہ ورانہ ترقی، تجربات کے تبادلے، کاروباری روابط کے فروغ، مصنوعی ذہانت (AI) کے مؤثر استعمال، کمیونٹی ویلفیئر اور سعودی عرب آنے والے پاکستانی فنانس پروفیشنلز کی رہنمائی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر عظیم شیخ نے خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم تمام افراد کو مقامی قوانین کا احترام کرنا چاہیے اور ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اپنے فرائض ادا کرنے چاہییں۔
ضیاء مصطفیٰ نے ریاض فنانس لیڈرز حب کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی فنانس پروفیشنلز کی صلاحیتوں میں اضافے، پیشہ ورانہ تربیت اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے اور سعودی مارکیٹ میں نئے آنے والے پروفیشنلز کی رہنمائی کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہییں، تاکہ وہ مقامی پیشہ ورانہ ماحول کو بہتر طور پر سمجھ کر کامیابی حاصل کر سکیں۔
مبشر خان نے کمیونٹی ویلفیئر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا اور ضرورت مند افراد کی معاونت کے لیے عملی اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
محمد دانش نے فنانس کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ AI کو اسٹریٹجک منصوبہ بندی، مالیاتی تجزیے اور فیصلہ سازی میں معاون ٹول کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔ تاہم، ٹیکنالوجی پر مکمل انحصار انسانی بصیرت، تجربے اور پیشہ ورانہ فیصلے کا متبادل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے فنانس پروفیشنلز پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنائیں۔

فصح الدین نے والدین اور بچوں کے لیے سائبر سیکیورٹی سے متعلق آگاہی کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دور میں بچوں کی آن لائن حفاظت، انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال اور سائبر خطرات سے بچاؤ کے لیے والدین کی رہنمائی پر مبنی آگاہی پروگرام منعقد کیے جانے چاہییں۔
شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ریاض فنانس لیڈرز حب کو پیشہ ورانہ تربیت، مسلسل پیشہ ورانہ ترقی (CPD)، کاروباری نیٹ ورکنگ، نوجوانوں کی رہنمائی اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر مزید فعال بنایا جائے۔
تقریب کے اختتام پر سعودی عرب کی موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں مملکت کی سلامتی، استحکام اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے سعودی عرب کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی کمیونٹی مثبت، ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی۔
یہ تقریب پیشہ ورانہ روابط کے فروغ، باہمی تعاون اور پاکستانی فنانس کمیونٹی کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ثابت ہوئی۔

