قاہرہ، : مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت نے مصر کے وزیرِ امورِ نوجوانان و کھیل، ڈاکٹر گوہر نبیل سے ملاقات کی، جس کے دوران انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کے لیے پاکستان میں تیار کردہ سرکاری میچ بال "ٹریونڈا (Trionda)” پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران سفیر عامر شوکت نے پاکستان میں تیار کردہ سرکاری میچ بال "ٹریونڈا” مصر کے وزیر کو دوستی اور خیرسگالی کی علامت کے طور پر پیش کی۔ انہوں نے مصر کی قومی فٹبال ٹیم کے لیے فیفا ورلڈ کپ میں کامیابی کی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ مصر عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔

دونوں رہنماؤں نے کھیلوں کے ذریعے سفارتی تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کھیلوں کی ترقی کے لیے مہارت، تکنیکی معلومات، تربیتی پروگراموں اور ادارہ جاتی تعاون کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔
سفیر عامر شوکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کھیلوں کے شعبے میں تعاون اور عوامی روابط کے فروغ کے ذریعے مصر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل دونوں دوست ممالک کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔

