رپورٹ: ندیم شیر اعوان —دمام: گرین گلوبل انٹرنیشنل اسکول کے زیرِ اہتمام ایسٹرن ریجن اسکالرز سمٹ 2026 کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں مشرقی ریجن کے مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے ذہین اور باصلاحیت طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔

اس منفرد تعلیمی مقابلے میں جنرل نالج و سائنس کوئز، اسلامی معلومات، اسپیلنگ بی چیمپئن شپ، قرأت اور تقریری مقابلے شامل تھے، جن میں طلبہ و طالبات نے اپنی علمی، تخلیقی اور اظہارِ خیال کی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن و پروگرام ہیڈ افنان مشال تھیں، جبکہ مکتبہ دارالسلام کے بانی مولانا عبدالمالک مجاہد نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین ملک حبیب اورکزئی، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی کوآرڈینیٹر یوتھ افیئرز کومل، بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین ساہی، اسلام آباد پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، شیخ منیر قمر، سابق ترجمان سپریم کورٹ سعودی عرب، رانا جاوید اور عبدالصبور قریشی سمیت دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر افنان مشال نے شاندار پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دمام آکر پاکستانی بچوں کی قابلیت اور ٹیلنٹ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مثبت، تعلیمی اور صحت مند مسابقت پر مبنی پروگرامز کا انعقاد جاری رہنا چاہیے تاکہ بچوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مزید مواقع مل سکیں۔
مولانا عبدالمالک مجاہد نے کہا کہ یہ تقریب انتہائی شاندار ہے۔ ایسے علمی مقابلوں سے بچوں میں اعتماد اور حوصلہ پیدا ہوتا ہے جبکہ ان کی قائدانہ صلاحیتیں بھی اجاگر ہوتی ہیں۔

دیگر مقررین نے بھی گرین گلوبل انٹرنیشنل اسکول کی انتظامیہ کو شاندار تعلیمی پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔

پروگرام کے آرگنائزر اور گرین گلوبل انٹرنیشنل اسکول کے CCO احسان اللہ بھٹی نے پاکستان سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں سے آنے والے مہمانوں، اساتذہ، والدین، طلبہ و طالبات اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ Eastern Region Scholars Summit 2026 محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ طلبہ میں علم، اعتماد، قیادت اور مثبت مسابقتی جذبے کو فروغ دینے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوان ذہن اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل کے چیمپئن بننے کی جانب قدم بڑھا رہے ہیں اور آئندہ بھی ایسے پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
مقابلے میں طلبہ کو تین عمر کے گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ گروپ اے میں 6 سے 9 سال، گروپ بی میں 10 سے 13 سال جبکہ گروپ سی میں 14 سے 16 سال کی عمر کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔

نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹیبلٹس، ایل ای ڈی ٹی وی، لیپ ٹاپس اور آئی فون 17 سمیت قیمتی انعامات دیے گئے۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ و طالبات میں شیلڈز، میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ تمام معزز مہمانوں کو بھی اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔
آخر میں پروگرام کے آرگنائزر احسان اللہ بھٹی، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن افنان مشال، مکتبہ دارالسلام کے بانی مولانا عبدالمالک مجاہد، پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین ملک حبیب اورکزئی اور یوتھ پروگرام کی کوآرڈینیٹر کومل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروگرام کے مقاصد، بچوں کی صلاحیتوں اور مستقبل میں ایسے تعلیمی پروگرامز کے انعقاد کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

