ریاض (رانا عظیم ) — پاکستان سفارتخانہ ریاض کے زیرِ اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے نمائندگان، سماجی و کاروباری شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت سے متعلق کیے گئے یکطرفہ اقدامات کے خلاف پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنا اور عالمی برادری کی توجہ مسئلۂ کشمیر کی جانب مبذول کرانا تھا۔

اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے، جن میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ پاکستان مسئلۂ کشمیر کو ہر مناسب عالمی اور سفارتی فورم پر مؤثر انداز میں اجاگر کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں بھی پاکستان نے مسئلۂ کشمیر کے حوالے سے اپنا مؤقف مختلف متعلقہ فورمز، بشمول مجلسِ شوریٰ، کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا ہے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔


سفیرِ پاکستان نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کو درپیش صورتحال، ان کے بنیادی حقوق اور ان کی جائز خواہشات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے اور عالمی برادری کو مسئلۂ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کی ضرورت کا احساس دلایا جائے۔

تقریب کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جس میں کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اور انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کیا گیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلۂ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ عالمی برادری پر بھی زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
مقررین نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے اقدامات کشمیری عوام کے لیے ایک اہم اور تکلیف دہ موڑ تھے اور پاکستان مسئلۂ کشمیر کو ہر عالمی، سفارتی اور سیاسی فورم پر اجاگر کرتا رہے گا۔
تقریب میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔

