کراچی (رپورٹ: رانا عظیم) پاکستان کا سب سے بڑا ٹیکنالوجی ایونٹ ورلڈ CIO 200 سمٹ 2026 پاکستان ایڈیشن کراچی میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور دنیا بھر سے معروف چیف انفارمیشن آفیسرز (CIOs) چیف انفارمیشن سیکیورٹی آفیسرز (CISOs) چیف ٹیکنالوجی آفیسرز (CTOs) ٹیکنالوجی ماہرین کاروباری شخصیات اور ڈیجیٹل لیڈرز نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سندھ کے وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی علی رشید تھے۔ سمٹ کے دوران ٹیکنالوجی ڈیجیٹل تبدیلی سائبر سیکیورٹی جدت اور قیادت کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو CIO 200 ایوارڈز سے نوازا گیا۔ورلڈ CIO 200 سمٹ پاکستان چیپٹر کی قیادت سید عبدالقادر کر رہے ہیں جن کی کاوشوں سے عالمی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبے سے وابستہ اہم شخصیات کو پاکستان میں ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا۔مشرقِ وسطیٰ سے زینب خطیب ، ترکی سے فرکان اوزر ، روس سے ایگور رائکوف ، سعودی عرب سے عدنان رفیق احمد اور امریکہ سے ڈاکٹر اردال اوئکایا سمیت دیگر بین الاقوامی ٹیکنالوجی ماہرین اور کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی۔۔تقریب کے دوران مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل تبدیلی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز عالمی تعاون اور مستقبل کے ڈیجیٹل رجحانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقررین نے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی ٹیکنالوجی کے منظرنامے اور پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی کے بڑھتے ہوئے امکانات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ٹیکنالوجی کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رہنماؤں اور اداروں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز بھی دیے گئے۔

مقررین اور منتظمین نے پاکستان کی ٹیکنالوجی انڈسٹری کے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے کردار اور صلاحیت کو اجاگر کیا۔منتظمین کے مطابق ورلڈ CIO 200 سمٹ 2026 ٹیکنالوجی کاروبار اور عالمی ڈیجیٹل قیادت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں نئی شراکت داریوں اور باہمی تعاون کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوا۔

