سعودی عرب میں پاکستانی گلوبل انڈسٹریل فورم کے زیرِ اہتمام 13 تاریخ کو ہونے والی تقریب کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں فورم کے عہدیداران نے اپنے مقاصد اور مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) سید قمر رضا شاہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے اور اس تقریب میں خصوصی شرکت کریں گے۔
فورم کے چیئرمین. شاہد مسعود چوہدری.صدر توصیف الرحمٰن گورایہ, نائب صدر ملک ساجد اور جنرل سیکریٹری عثمان بھٹی سمیت دیگر عہدیداران نے کہا کہ فورم کا مقصد مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کاروباری افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا، انہیں سعودی عرب میں صنعتی و کاروباری مواقع سے آگاہ کرنا اور درپیش مسائل کے حل میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
عہدیداران کے مطابق فورم گزشتہ پانچ سال سے پاکستانی کاروباری افراد کی رہنمائی اور سعودی عرب میں صنعتیں قائم کرنے کے سلسلے میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ اس تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل، صنعتی شعبے کے چیلنجز، سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان و سعودی عرب کے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
فورم کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ پاکستانی کاروباری برادری کو مزید مواقع فراہم کیے جائیں، روزگار کے نئے ذرائع پیدا ہوں اور سعودی وژن 2030 کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ دیا جائے۔

